بدامنی کے خلاف کابل میں افغان شہریوں کا مظاہرہ
ہزاروں افغان شہریوں نے ملک میں جاری بدامنی کے خلاف دارالحکومت کابل میں زبردست مظاہرہ کیا ہے۔
مظاہرین کابل کے زنبق اسکوائر پر جمع ہوئے اور انہوں نے امریکہ کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ مظاہرین امریکہ مردہ بادہ اور ہم امن چاہتے ہیں جیسے نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرہ اس وقت پر تشدد رخ احتیار کرگیا جب مظاہرین نے ایوان صدر کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر آنسو گیس کے گولے داغے اور زبردست لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے ایک شخص کے ہلاک اور درجنوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
مظاہرین طالبان کے حقانی نیٹ ورک کے گرفتار عناصر کو پھانسی دینے کا بھی مطالبہ کر رہے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کے بغیر ملک میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔
کابل میں بدھ کے روز ہونے والے ٹرک بم کے دھماکے میں سو افراد ہلاک اور ساڑھے تین سو کے قریب زخمی ہوئے تھے۔ دھماکے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے اور نیوز ایجنسی کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ دہشت گرد گروہ داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔