عراق: مغربی موصل میں آپریشن مکمل
عراق کی عوامی رضار کار فورس الحشد الشعبی نے مغربی موصل میں فوجی آپریشن مکمل کر لیا۔
الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس نے بغداد میں صحافیوں کو بتایا ہے کہ مغربی موصل میں آپریشن کے اہداف مکمل ہونے کے بعد کارروائی ختم کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران مغربی موصل کا چودہ ہزار مربع کلومیٹر کا علاقہ داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا جس کے دوران دو ہزار سے زائد داعشی دہشت گرد مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان اب صوبہ نینوا کے شمال مغربی شہر تلعفر میں داعش کے خلاف آپریشن کی تیاری کر رہے ہیں۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر نے مزید کہا کہ حشدالشعبی کے جوان شام سے ملنے والی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردوں کی آمد و رفت روکنے کے لیے پورے علاقے میں پھیل گئے ہیں اور شام سے ملنے والی سرحد کا پچاس سے ساٹھ کلومیٹر تک کا علاقہ دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا ہے۔