Jun ۲۲, ۲۰۱۷ ۱۴:۰۹ Asia/Tehran
  • افغانستان: دھماکہ 80 افراد جاں بحق و زخمی

افغانستان کے صوبہ ہلمند کے شہر لشکر گاہ میں بینک کی ایک شاخ پر خود کش کار حملے میں 29 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

افغان میڈیا رپورٹوں کے مطابق لشکر گاہ میں نیو کابل بینک کی مقامی شاخ کے باہر ایک کار میں خوفناک بم دھماکا ہوا جس سے اب تک کم از کم 29 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں افغانی سویلین اداروں کے علاوہ مقامی پولیس اور افغان فوج کے اہلکار زیادہ تعداد میں شامل ہیں۔

یہ دھماکا ممکنہ طور پر خودکش ہوسکتا ہے کیونکہ عینی شاہدین کے مطابق یہ کار بینک کے قریب اچانک آ کر رکی تھی۔

عید کی چھٹیاں نزدیک ہونے اورعید بونس کے باعث بینک پر رقوم نکلوانے کےلیے بڑی تعداد میں مقامی پولیس، فوج اور سویلین اداروں کے ملازمین قطاریں لگائے ہوئے موجود تھے۔

دھماکے کے فوری بعد افغان سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ امدادی ٹیمیں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر رہی ہیں ۔ بتا یا جا رہا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں افغان فوج کے اہلکار بھی شامل ہیں ۔

ابھی تک کسی گروپ نے اس بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ہلمند کے بیشتر علاقوں پر افغان طالبان کا اثر و رسوخ بہت بڑھ چکا ہے تاہم لشکر گاہ ابھی تک افغان حکومت ہی کے کنٹرول میں ہے اس لیے ممکنہ طور پر یہ کارروائی افغان طالبان کی جانب سے ہوسکتی ہے۔

 

ٹیگس