Jun ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۹ Asia/Tehran
  • عالمی یوم قدس ،بانی انقلاب اسلامی کی جدت عمل کا نتیجہ

اس سال عالمی یوم قدس خاص اہمیت کا حامل ہے چونکہ امریکہ کی سربراہی میں قائم عالمی تسلط پسندانہ نظام، غاصب صیہونی حکومت کے تعاون اور بعض رجعت پسند حکومتوں کو اپنے ساتھ ملا کر فلسطین اور بیت المقدس کے مسئلے کو پس پشت ڈالنا چاہتا ہے۔

 بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رح کی پہل اور جدت عمل سے ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم قدس کا عنوان دیا گیا-

بانی انقلاب اسلامی نے مسئلہ فلسطین کو عالمی توجہ کا مرکز قرار دیا اور تاکید فرمائی کہ فلسطینی اہداف کے پیش نظر مسئلہ فلسطین، عالم اسلام کا اولین اور سب سے بڑا مسئلہ ہے اور صیہونی حکومت، مسلم امۃ اور عالم عرب کی سب سے بڑی دشمن ہے-

بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رح کی جانب سے مسئلہ فلسطین اور بیت المقدس کی جانب بھرپور توجہ نے عرب، امریکہ اور صیہونی حکومت کی سازشوں کو ناکام بنا دیا اور آج بانی انقلاب اسلامی کی دور اندیشی کے سبب ساز باز کے عمل پر تحریک انتفاضہ غالب آگئی ہے-

فلسطینیوں کی استقامت نے جو انتفاضہ کے قالب میں ظاہر ہوئی ہے، سرزمین فلسطین میں طاقت کے توازن کو تبدیل کر دیا ہے اور فلسطینی نوجوان، اپنے ملک کے اندر داخلی اور عرب ممالک کی خلاف ورزیوں کے باوجود میدان عمل میں جمے ہوئے ہیں-

اکتوبر دو ہزارپندرہ میں عرب اور اسلامی امۃ کے سب سے بڑے دشمن اسرائیل کے ساتھ مل کر بعض رجعت پسند عرب حکومتوں کی سازش سے مسجد الاقصی کے خلاف صیہونی حکومت کی سازشوں میں اضافہ ہوا جس کی بنا پر انتفاضہ قدس، معرض وجود میں آئی اور یہ عوامی تحریک، صیہونی حکومت کے وجود کے لئے خطرہ بن گئی-

فلسطین میں شروع ہونے والی تین تحریک انتفاضہ سے یہ بخوبی واضح ہو گیا ہے کہ ساز باز کی پالیسی، فلسطینی اہداف کو عملی جامہ نہیں پہنا سکتی اور مسئ‏لے کا حل انتفاضہ کے کارآمد تجربے کے سہارے بحر سے نہر تک فلسطینی مملکت کی تشکیل کی اسٹریٹیجی پر توجہ مرکوز رکھنے اور اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے ذریعے ہی نکل سکتا ہے-

مغربی ایشیاء کے علاقے کے موجودہ حالات خاص طور سے دہشت گردی کے باعث درپیش بھاری چیلنج اور علاقے کے ممالک کو مختلف بحرانوں میں الجھانا، امریکہ اور صیہونی حکومت کی سرکردگی میں تسلط پسندانہ نظام کی ہم آہنگ سازش ہے تاکہ مسئلہ بیت المقدس اور فلسطینی اہداف، عالم اسلام کا سب سے بڑا اور ترجیحی مسئلہ نہ رہ جائے-

آج سعودی عرب سمیت بعض عرب ممالک اسرائیلی حکومت کے ساتھ ساز باز اور امریکہ کے تعاون سے ایران کو جو کہ مسلم امت اور فلسطین کی مظلوم قوم کا سب سے بڑا ہمدرد و حامی اور دوست ملک ہے، دشمن  اور بچوں کی قاتل جارح صیہونی حکومت کو بزعم خود دوست ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں- اس منظم سازش کے پیش نظر اس سال کا عالمی یوم قدس دوچنداں اہمیت کا حامل رہا ہے- 

ٹیگس