موصل کی آزادی پر عراق کے صدر کی مبارکباد
عراق کے صدر فواد معصوم نے عراق کے شہر موصل کو تکفیری دہشت گرد گروہ داعش سے آزاد کرانے پرعراقی فوج، عراقی رضاکار دستوں اور عراقی قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
عراق کے صدر نے موصل میں داعش کی شکست اور عراق کی مسلح افواج کی فتح کو عظیم کامیابی قراردیتے ہوئے کہا کہ عراق کی مسلح افواج نے ثابت کردیا ہے کہ عراق کی سرزمین پردہشت گردوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ۔
بغداد میں فیڈرل پولیس کمانڈ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ قدیم موصل کی آزادی کے آپریشن میں ایک ہزار داعشیوں کی ہلاکت کے علاوہ، پینسٹھ فوجی گاڑیوں اور بیس کار بموں کو تباہ کردیا گیا۔
ایک اور اطلاع کے مطابق، عراقی کردستان کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ داعش میں شمولیت اختیار کرنے والا ایک بھی عراقی کرد شہری اب اس گروہ میں شامل نہیں ہے اور یہ باب ہمیشہ کے لیے بند ہوگیا ہے۔
مریوان نقشبندی نے کہا کہ دینی مراکز اور مساجد کے ذریعے تکفیری نظریات کی بیخ کنی کو ممکن بنایا گیا ہے اور عوام کو داعش کے خطرناک عقائد سے بچالیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے موصل میں عراقی فوج کی فتح اور داعش کی شکست کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موصل سے داعش کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔