عراق، ایمنسٹی انٹرنیشنل کے الزامات کی تردید
عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے عراقی فورسز پر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب دہشت گرد گروہ داعش عراقی شہریوں کا قتل عام کر رہا تھا اس وقت ایمنسٹی انٹرنیشنل کہاں تھی ۔
اسپوتنک نیوز کی رپورٹ کےمطابق عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے عراقی فورسز پر الزامات کو رد اور انھیں مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب داعشی دہشت گرد، عراقیوں کا قتل عام کر رہے تھے اس وقت آپ کہاں تھے؟
اطلاعات کے مطابق عراقی وزیر اعظم نے کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ عراقی فوج نے اپنی جان ہتھیلیوں پر رکھ کر موصل میں انسانی جانوں کو بچایا، جب داعشی عراقی شہریوں کا سر قلم کر رہے تھے اور موصل کی ہر شے کو تباہ کر رہے تھے ایمنسٹی انٹرنیشنل اس وقت کہاں تھی؟
عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ داعش کے بعض سرپرستوں کو موصل کی آزادی اچھی نہیں لگی ۔ عراقی وزیراعظم نے کہا کہ عراقی عوام دہشت گردوں کو معاف نہیں کریں گے ۔
واضح رہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے حال ہی میں اپنی ایک متنازع رپورٹ میں کہا تھا کہ عراقی فوجیوں نے موصل میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے لیکن ایمنسٹی انٹرنیشنل نے داعش کے انسان سوز مظالم، یمن پر آل سعود کی جارحیت، بحرین میں آل خلیفہ کی جانب سے عوام کی سرکوبی اور شام میں دہشت گردوں کی جانب سے خون کی ہولی کھیلنے جیسے مظالم پر آنکھیں بند کرتے ہوئے ڈرامائی خاموشی اختیار کی ہے۔