Aug ۱۷, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۸ Asia/Tehran
  • بحران شام، جنیوا مذاکرات موخر، آستانہ مذاکرات برقرار

شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے شامی حکومت کے مخالفین کے ساتھ مذاکرات کو موخر کردیا ہے۔

جنیوا میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی مستورا نے کہا  ہے کہ بحران شام کے حل کے لیے آئندہ ہفتے جنیوا میں ہونے والے مذاکرات فی الحال موخر کردیئے گئے ہیں تاہم انہوں نے بتایا کہ بحران شام کے بارے میں آستانہ مذاکرات شیڈول کے مطابق اگست کے آخر میں منعقد ہوں گے۔انہوں نے اکتوبر کے مہینے کو شام کےحوالے سے فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اکتوبر میں شام مخالف گروہوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کے لیے کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ اسٹیفن ڈی مستورا نے کہا کہ قاہرہ اتحاد اور ماسکو اتحاد کے اعلی سطحی نمائندوں کے درمیان انتہائی سنجیدہ مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے شام میں کشیدگی سے پاک علاقوں کے قیام کے منصوبے کے بارے میں کہا کہ فی الحال اس بارے میں حتمی رائے قائم کرنا قبل از وقت ہوگا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ روس اپنی ملٹری پولیس کو، کشیدگی سے پاک علاقوں کی نگرانی کے لیے تعینات کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔شام کے بارے میں پانچ جولائی کو ہونے والے آستانہ مذاکرات میں شریک وفود نے بحران کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔آستانہ امن مذاکرات ایران کی کوششوں کے نتیجے میں روس اور ترکی کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں جن کا مقصد شام میں قیام امن کو یقینی بنانا ہے۔

ٹیگس