Aug ۱۷, ۲۰۱۷ ۲۰:۱۷ Asia/Tehran
  • شام کے مختلف علاقوں میں فوج کی پیشقدمی

شامی فوج نے ملک کےشمالی صوبے رقہ کے کئی دیہات کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔

دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ شامی فوج نے صوبہ رقہ میں پچیس کلومیٹر تک پیشقدمی کی ہے اور متعدد دیہی علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کردیا ہے۔شامی فوج نے صوبہ سویدا کے تمام سرحدی علاقوں اور دمشق کے بعض سرحدی علاقوں کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ حمص اور رقہ میں شامی فوج کی پیشقدمی کے نتیجے میں صوبہ حماہ میں موجود داعشی دہشت گرد شامی فوج کے محاصرے میں آجائیں گے۔غوطہ شرقیہ میں بھی شامی فوج نے کئی عمارتوں کو داعشی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے بعد قومی پرچم لہرا دیا ہے۔دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ نام نہاد داعش مخالف امریکی اتحاد کے طیاروں نے صوبہ دیرالزور میں ایک مقام پر بمباری کی ہے جس میں تین بچوں سمیت چھے عام شہری مارے گئے ہیں۔پچھلے دوسال کے دوران شام کے مختلف علاقوں پر نام نہاد داعش مخالف امریکی اتحاد کے حملوں میں سیکڑوں بے گناہ شامی شہری مارے جاچکے ہیں۔

ٹیگس