ٹرمپ کے مشیر کے خلاف فلسطینیوں کے مظاہرے
مغربی کنارے کے فلسطینیوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور مشیر کے دورے کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق سیکڑوں کی تعداد میں فلسطینی شہری مغربی کنارے کی سڑکوں پر آئے اور انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اور داماد جیرارڈ کوشنر کی مقبوضہ فلسطین آمد کے خلاف نعرے لگائے۔
فلسطینی مظاہرین نے ایسے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا کہ امریکہ اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات اور غیر قانونی صیہونی بستیوں کی تعمیر کی حمایت بند کرے۔
فلسطین کی نیشنل ایکشن کمیٹی کے سربراہ مصطفی برغوثی نے اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو صیہونی بستیوں کی تعمیر رکوانے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالنا چاہیے۔
انہوں نے کہا اگر امریکہ صیہونی بستیوں کی تعمیر نہ رکوا سکا تو پھر خطے مں قیام امن کے امکانات پوری طرح معدوم ہوجائیں گے۔
مصطفی برغوثی کا کہنا تھا کہ امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے مقبوضبہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر میں ستر فی صد کا اضافہ ہوا ہے۔