داعش کا خاتمہ ہماری ترجیح ہے: حزب اللہ
حزب اللہ لبنان نے کہا ہے کہ لبنان اور شام کی سرحدوں سے داعش کا خاتمہ کرنا ہماری ترجیح ہے۔
لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے گزشتہ روز لبنانی ٹی وی چینل المنار سے براہ راست نشر ہونے والے اپنے خطاب میں کہا کہ لبنان اور شام کی مشترکہ سرحدوں پہ حالیہ آپریشن کا اصل مقصد ان علاقوں سے داعش کے دہشت گرد اور تکفیری عناصر کا خاتمہ کرنا ہے۔
سید حسن نصراللہ نے مشترکہ سرحدوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن میں شامل شامی افواج، لبنانی فوج اور حزب اللہ کے مجاہدین کی جد و جہد کو سراہتے ہوئے ان کو سلام پیش کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شام اور لبنان کی سرحدوں سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
سید حسن نصراللہ نے کہا کہ آپریشن کے چھ دن گزرنے کے بعد اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں اور اس دوران لبنانی آرمی نے 100 کلومیٹر اور حزب اللہ نے 20 کلومیٹر کے علاقوں کو داعش کے دہشت گردوں سے آزاد کرایا۔
انہوں نے کہا کہ داعش نے شام اور لبنان کے کئی کلومیٹر کے سرحدی علاقوں پر قبضہ کیا تھا مگر اس وقت داعش کے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے گھیرے میں ہیں۔
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا جس کے بعد بہت جلد فتح کا جشن بھی منائیں گے۔