Aug ۲۸, ۲۰۱۷ ۰۹:۳۱ Asia/Tehran
  • افغانستان: خود کش دھماکے میں 30 افراد ہلاک اور زخمی

افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں خود کش بم دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے ہیں۔

ہلمند کے گورنر کے ترجمان عمر زواک کا کہنا ہے کہ خود کش حملہ آور نے ضلع نوا کی ایک پر ہجوم مارکیٹ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں افغان فوجیوں اور عام شہریوں سمیت 13 افراد ہلاک ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ کسی تنظیم نے فی الحال حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ ضلع نوا میں طالبان کا خاصا اثر و رسوخ رہا ہے تاہم جولائی میں افغان فورسز نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ضلع کا کنٹرول طالبان سے چھڑا لیا ہے البتہ اس کے بعد بھی وہاں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ چند روز قبل لشکر گاہ میں بھی خود کش دھماکا ہوا تھا جس میں 7 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے تھے۔

رواں ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی نئی افغان پالیسی میں اعلان کیا تھا کہ افغانستان میں موجود امریکی فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ طالبان نے دھمکی دے رکھی ہے کہ جب تک ایک بھی امریکی فوجی افغان سرزمین میں موجود ہے تو وہ جنگ جاری رکھیں گے۔

ٹیگس