عراقی سیکورٹی فورس کی کارروائی، متعدد دہشت گرد ہلاک
Sep ۰۲, ۲۰۱۷ ۱۵:۲۸ Asia/Tehran
عراقی سیکورٹی فورس نے مشرقی سامرا کے قریب سات دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
بغداد میں ایک سیکورٹی ذریعے نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پربتایا ہے کہ آٹھ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے مشرقی سامرا کے قریب واقع ایک بجلی گھر میں گھس کر کارکنوں کو یرغمال بنالیا تھا۔
اس کی اطلاع ملتے ہی عراقی سیکورٹی فورس کے اسپیشل دستے جاسیہ بجلی گھر پہنچے اور انہوں نے دہشت گردوں کو اپنے محاصرے میں لینے کے بعد کاروائی کا آغاز کیا۔
اس کارووائی میں سات دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ آٹھویں دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
رپورٹ کے مطابق اس کارروائی میں عام شہریوں اور سیکورٹی فورس کے جوانوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سامرا میں سیکورٹی صورتحال پوری طرح سے قابو میں ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔