کرکوک میں ریفرینڈم کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپیں
عراقی کردستان علاقے کی علیحدگی کے لئے کرکوک گورننگ کونسل کے ریفرینڈم کے فیصلے کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپوں میں دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے
عراق کے شہر کرکوک کے ایک پولیس افسر ہوشیار حسن نے ارنا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عراقی کردستان میں ریفرینڈم میں شرکت کے لئے کرکوک گورننگ کونسل کے فیصلے کے حامیوں اور مخالفین کے مابین پیر کی رات ہوئی؛ جھڑپوں کے بعد حالات کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے- یہ جھڑپیں ایسی حالت میں ہوئی ہیں کہ عراقی سیاستداں ، دانشور اور صحافی پہلے ہی کرکوک کی گورننگ کونسل کے اس فیصلے پر جھڑپوں کے بارے میں خبردار کر چکے تھے- کرکوک کا کنٹرول براہ راست عراق کی مرکزی حکومت کے پاس ہے اور اس علاقے کے بارے میں مرکزی حکومت اور کردستان کی مقامی انتظامیہ کے درمیان سب سے زیادہ اختلاف ہے- کردستان کے علاقے کی عراق سے علیحدگی کے لئے ریفرینڈم کرانے پر مسعود بارزانی کے اصرار پر عراقی حکومت، مختلف عراقی گروہوں اور علاقے و دنیا کے ممالک نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے-