مسئلہ فلسطین کی منصفانہ راہ حل ریفرنڈم ہے؛ ایران کے وزیرخارجہ
وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے برکس کے سربراہوں کے ساتھ فلسطین کے موضوع پر میٹنگ میں ریفرنڈم کو مسئلہ فلسطین کی منصفانہ راہ حل قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے برکس سربراہوں کے ساتھ فلسطین کے بارے میں میٹنگ میں کہا کہ ہم سبھی جانتے ہیں کہ جب تک مسئلہ فلسطین کو منصفانہ طور پر حل نہ کیا جائے، فلسطینیوں کو حق خود ارادیت نہ دیا جائے اور مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کا سلسلہ نہ روکا جائے، اس علاقے سے کشیدگی ختم نہیں ہوسکتی اور امن و ثبات قائم نہیں ہوسکتا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ دو ریاستی نظریہ جس کی برسوں سے تکرار کی جارہی ہے، ناکام ثابت ہوا ہے اور سب پر ظاہر ہوچکا ہے کہ اسرائیلی حکومت اس راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ جب فلسطینی حکومت کی بات کی جاتی ہے تو اس سے مراد ایسی چیز ہوتی ہے جو ایک بلدیہ سے بڑھ کر نہیں ہے۔
سید عباس عراقچی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے مسئلہ فلسطین کی یہ منصفانہ راہ حل پیش کی ہے کہ سرزمین فلسطین میں، ایک ریفرنڈم کرایا جائے جس میں فلسطین کے سبھی اصلی باشندے، چاہے وہ یہودی ہوں، عیسائی ہوں یا مسلمان ہوں، شرکت کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوئی غیر حقیقی یا نا ممکن راہ حل نہیں ہے چنانچہ جنوبی افریقا میں،اس ملک کو سفید اور سیاہ دو حصوں میں تقسیم کرکے نہیں بلکہ اسی ریفرنڈم اور ڈیموکریسی کے ذریعے ثبات قائم ہوا ہے۔