کربلا آزادی و حریت اوروحدت کا نام
کربلا آزادی و حریت اوریزیدی طاقتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے امت مسلمہ کے مابین اتحاد کا نام ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے محرم الحرام 1439ء کے حوالے سے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہلال محرم 1439ء ایک بار پھر نواسہء رسول حضرت امام حسین علیہ السلام ان کے اصحاب و یاوران و کی الم و غم اور شجاعت و حریت سے بھرپور داستان لے کر طلوع ہو چکا ہے، دنیا بھر میں بالعموم اور پاکستان میں خصوصی طور پر امت مسلمہ اس ماہ جو آغاز سال نو بھی ہے کا آغاز الم و غم اور دکھ بھرے انداز میں کرتی ہے، اس کی بنیادی ترین وجہ اپنے پیارے نبی آخرالزمان محمد مصطفیٰ (ص) کے لاڈلے نواسے حضرت امام حسین اور ان کے اصحاب و انصار و یاوران کی عظیم قربانی کی یاد کو جو 10 محرم اکسٹھ ہجری کو میدان کربلا میں دی گئی زندہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میدان کربلا میں نواسہ رسول اور ان کے باوفا اصحاب نے جو قربانیاں پیش کیں ہمارے لئے اسوہ حسنہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ کربلا کے شہداء کی داستان ہائے شجاعت سے ہم کو درس حریت و آزادی ملتا ہے، یہ کربلا ہی ہے جو آزادی کا پیغام دیتی ہے، کربلا کا درس ہے کہ بصیر ت و آگاہی اور شعور و فکر کو بلند و بیدا ر رکھا جائے ورنہ جہالت و گمراہی کے پروردہ ہر جگہ ایسی ہی کربلائیں پیدا کرتے رہیں گے۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ کربلا ایک لگاتار پکار اور حسینیت ایک کردار کا نام ہے، اگر کوئی حکمران اسلام کا نام لیوا اور کلمہ پڑھنے والا ہے اور اس کے کام یزید کے جیسے ہیں تو وہ دور حاضر کا یزید ہی ہے۔ یزیدیت پاکیزہ نفوس کے قاتلوں کا ٹولہ تھا جس کا راستہ روکنے کیلئے نواسہ رسول جسے امت کے سامنے محمد مصطفیٰ (ص) نے تربیت کیا تھا سامنے آئے اور اپنی عظیم قربانی سے اس کے ارادوں کو خاک میں ملا دیا، آپ کی قربانی آج چودہ صدیاں گزر جانے کے بعد بھی اسی انداز میں یاد رکھی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ دین کی بقا کی اس داستان کو مٹانے کی خواہش دل میں رکھنے والے اپنی موت آپ مرتے رہیں گے۔ یہ تاریخی و بے مثال قربانی اور نمونہ ایثار و شجاعت ہمارے لیئے درس کا باعث ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا اس شہادت میں بہت سے درس اور راز و سر موجود ہیں، ہمیں چاہیئے کہ ہم اس داستان سے درس لے کر موجودہ دور کی مشکلات کا مقابلہ کریں اور یزیدی طاقتیں جو امت مسلمہ کو نابود کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں کے ارادوں کو ناکام و نامراد کر دیں بالخصوص امت مسلمہ کی وحدت و بھائی چارہ پر فرقہ واریت کے منحوس سایہ نہ پڑنے دیں۔