بحرین میں عزاداروں پر سرکاری فورسز کے حملوں کی مذمت
بحرین کی اسلامی وفاق پارٹی نے سیکورٹی فورس کے ہاتھوں عزاداری کے پرچموں اور بینروں کی بے حرمتی اور سرکردہ عالم دین آیت اللہ عیسی قاسم کے گھر کا محاصرہ جاری رکھے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
اسلامی وفاق پارٹی بحرین کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ محرم الحرام کے آغاز سے اب تک سیکورٹی اہلکاروں نے تینتالیس بار عزاداری کے پرچموں کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے پندرہ علاقوں میں واقع امام بارگاہوں کے انیس منتظمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اسلامی وفاق پارٹی کے بیان میں حکومتی اقدامات کو طے شدہ مذہب مخالف پالیسی کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔
اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سال محرم الحرام کا آغاز ایسے وقت میں ہوا ہے جب ملک کے سرکردہ شیعہ رہنما آیت اللہ عیسی قاسم کو جبری طور پر ان کے گھر میں قید کر دیا گیا ہے، سیکڑوں بحرینی مرد و خواتین شاہی حکومت کی جیلوں میں بند ہیں جبکہ امام بارگاہوں اور مذہبی مقامات کو سرکاری گماشتے حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔