عراق سے کردستان کی علیحدگی پر آیت اللہ العظمی سیستانی کی مخالفت
عراق کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی نے عراق سے کردستان کی علیحدگی کے بارے میں ریفرنڈم پر اپنی مخالفت اور عراق کی تقسیم کی کوششوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں سے کہا ہے کہ وہ عراق کے آئین پر کاربند رہیں۔
سومریہ نیوز کے مطابق آیت اللہ العظمی سیستانی کے نمائندے آیت اللہ شیخ احمد صافی نے کربلائے معلی میں نماز جمعہ کے خطبے میں کہا ہے کہ عراقی عوام ابھی عراقی سیکورٹی فورسز کی کوششوں کے نتیجے میں داعش دہشت گرد گروہ سے چھٹکارہ پانے کو ہی تھے کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ عراق کی تقسیم اور کردستان کو عراق سے علیحدہ کئے جانے کی سازش کا انھیں سامنا کرنا پڑ گیا۔انھوں نے کہا کہ عراق کی عظیم مرجعیت، کہ جس نے ہمیشہ متحدہ عراق کے تحفظ پر تاکید اور عراق سے فرقہ واریت کا خاتمہ کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے، تمام فریقوں سے اس بات کی خواہاں ہے کہ وہ عراق کے آئین کی حفاظت و پاسداری کریں اور عراق کی عدالت سے رجوع اور اس کے فیصلوں پر عمل کریں۔آیت اللہ العظمی سیستانی کے نمائندے شیخ احمد صافی نے عراقی کردستان کے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومت بغداد کے ساتھ اختلافات کے حل کے لئے بنیادی آئین کو وسیلہ قرار دیں۔انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ بیرونی مداخلت کے ذریعے عراق سے کردستان کی علیحدگی کا منصوبہ اغیار کے مفاد اور عراقی قوم کے نقصان میں ہے۔