افغان فضائیہ کی بمباری 10 افغان اہلکارہلاک
افغانستان کے صوبے ہلمند میں افغان فضائیہ نے زمین پرموجود اپنے ہی فوجی اہلکاروں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 10 اہلکار ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے۔
غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہلمند کے گورنرحیات اللہ حیات نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افغان فضائیہ کی بمباری کے نتیجے میں 10 اہلکار ہلاک اور 9 زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، یہ فضائی حملہ اس جگہ کیا گیا جہاں گزشتہ کئی روز سے طالبان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب افغانستان کے صوبہ اروزگان میں طالبان نے حملہ کرکے فوجی اڈے پر قبضہ کرلیا جس کے نتیجے میں 20 سیکورٹی اہلکار لاپتہ ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق عسکریت پسندوں نے اروزگان کے ضلع چورہ کے مرکز میں واقع فوجی اڈے پر دھاوا بول دیا۔ افغان فورسز سے شدید جھڑپوں کے بعد عسکریت پسند فوجی بیس پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد سے پولیس اور فوج کے 20 اہلکار لاپتہ ہیں۔
در ایں اثنا طالبان نے ضلع پر قبضہ اورمتعدد سیکورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔