Oct ۰۵, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۴ Asia/Tehran
  • ترک صدر کے قتل کی سازش میں 34 افراد کو سزائیں

ترکی کی عدالت نے صدر رجب طیب اردوغان کے قتل کی سازش کرنے کے جرم میں 34 افراد کو عمر قید کی سزا سنا دی۔

ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی کے جنوب مغربی شہر موگلا کی عدالت میں طیب اردوغان قتل سازش کیس کی سماعت ہوئی جس میں جج نے 47 ملزمان کو منصوبے میں ملوث ہونے کا مجرم ٹھہرایا اور ان میں سے 34 کو عمر قید کی سزا سنائیں عمر قید کی سزا پانے والوں میں سینیئر فوجی افسران بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 15 جولائی کو ترکی میں فوج کے باغی دھڑے نے صدر طیب اردوغان کی حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کی تھی اور اسی دوران طیب اردوغان کو قتل کرنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا تھا۔

 ناکام فوجی بغاوت کے دوران 249 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے۔ اس بغاوت کے بعد ترک حکام کے کریک ڈاؤن میں 50 ہزار سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا تھا جن کا تعلق فوج، پولیس، فضائیہ، عدالتوں، محکمہ تعلیم اور میڈیا سے تھا۔

دوسری جانب ترکی کے جنوب  مشرقی علاقے میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں 4 فوجی ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق دھماکا ترک سرحد کے قریب واقع صوبے حکاری کے ضلع یوکسکو میں ہوا جہاں کرد جنگجوں کی جانب سے نصب کیے گئے بم کی زد میں سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی آگئی جس کے نتیجے میں 4 فوجی ہلاک ہوگئے۔ حملے میں 5اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ٹیگس