Oct ۰۵, ۲۰۱۷ ۱۷:۰۰ Asia/Tehran
  • انقرہ، تہران اور بغداد عراقی کردستان کا تیل برآمد نہیں ہونے دیں گے: اردوغان

ترکی کے صدر نے کہا ہے کہ انقرہ، تہران اور بغداد عراقی کردستان کا تیل برآمد نہیں ہونے دیں گے۔

ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے اپنے ایک روزہ دورہ تہران سے واپسی پر کہا ہے کہ انقرہ، تہران اور بغداد کے درمیان انجام پانے والی یکجہتی کے نتیجے میں کردوں کو شمالی عراق کا تیل برآمد کرنے سے روک دیا جائۓ گا-

ترکی کے صدر نے شمالی عراق کے تیل پیدا کرنے والے علاقے کرکوک پر تسلط کے لئے کردستان کے علاقے کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس صوبے کے بارے میں جلد ہی فیصلہ کیا جائے گا کیونکہ وہاں کردوں کی موجودگی غیرقانونی ہے-

اس وقت عراقی کردستان اپنا تیل ترکی کے راستے عالمی منڈیوں میں برآمد کرتا ہے-

طیب اردوغان نے ایران کے ایک روزہ دورے کے بعد ترکی پہنچنے پر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عراقی کردستان کے علاقے کی علیحدگی کے لئے ہونے والے ریفرنڈم میں کرکوک کے تیل پیدا کرنے والے علاقے کو ریفرنڈم میں شامل کرنے کا فیصلہ غیرقانونی ہے اور اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے-

واضح رہے کہ عراقی کردستان علاقے کو عراق سے الگ کرنے کے لئے پچیس ستمبر کو ریفرنڈم کرایا گیا تھا جس کے بعد عراقی پارلیمنٹ نے اس علاقے کے خلاف نئے فیصلے کئے ہیں-

ٹیگس