امریکہ تمام بحرانوں کا ذمہ دار ہے، حزب اللہ لبنان
حزب اللہ لبنان کے نائب سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ پوری دنیا اور خاص طور سے مشرق وسطی کے بحرانوں کا ذمہ دار امریکہ ہے۔
حزب اللہ لبنان کے نائب سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے بیروت میں طلبا کے ایک اجتماع سے اپنے خطاب میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ امریکہ، اسلامی ملکوں کے خلاف ثقافتی منصوبوں میں ناکام ہو جانے کے بعد اب تشہیراتی اور پروپیگنڈہ جنگ پر اتر آیا ہے۔انھوں نے حتمی کامیابی کے حصول تک تکفیریوں اور غاصب صیہونیوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے لئے تحریک مزاحمت کے پختہ عزم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے بحرانوں کو استقامت کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے جیساکہ استقامت نے مسلسل کامیابیاں حاصل کر کے اپنی توانائی کو بخوبی ثابت بھی کیا ہے اور لبنان کے موقف کو مضبوط بنایا ہے۔شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ استقامت کے عمل نے لبنان کو علاقے میں موثر طاقت میں تبدیل کر دیا۔انھوں نے کہا کہ بعض عرب و مغربی حکام، لبنانی حکام کے ساتھ مل کر حزب اللہ کے خلاف اتحاد قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم انھیں اس بات کو جان لینا چاہئے کہ عوام، استقامت کے ساتھ ہیں اور وہ متحدہ لبنان کی حمایت کرتے ہیں۔