نجران میں یمنی فوج کی پیش قدمی
سعودی عرب کو انصاراللہ کے انتباہ کے بعد اس ملک کا شہر نجران یمنی فوج کے محاصرے میں آگیا ہے اور شہر کے تمام فوجی اہداف بھی ان کے نشانے پر آگئے ہیں۔
المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے نجران شہر میں داخل ہونے کے ایک راستے پر پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس شہر پر کنٹرول کا فیصلہ اب صرف صنعا میں قیادت کے ہاتھ میں ہے۔
المنار ٹی وی کی اس رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے سعودی عرب کے شہر نجران کا تین طرف سے احاطہ کر رکھا ہے اور صرف الفواض فوجی ٹھکانہ ہی سعودی فوج کے ہاتھ میں باقی بچا ہے اور یہ فوجی ٹھکانہ بھی یمنی فوج کی دسترس سے باہر نہیں ہے۔
لبنان کے المنار ٹی وی نے سعودی عرب کے شہر نجران میں یمنی فوج کی پیش قدمی کی تصاویر نشر کرتے ہوئے رپورٹ دی ہے کہ سعودی حکومت ان تصاویر کو عالمی رائے عامہ اور خاص طور سے سعودی شہریوں سے پنہاں کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔