Oct ۰۹, ۲۰۱۷ ۱۷:۳۱ Asia/Tehran
  • عراقی کردستان کے خلاف بغداد کی نئی پابندیاں

عراق کی مرکزی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کردستان کے علاقے میں عراق کے آئین کی خلاف ورزی اور ریفرنڈم کے انعقاد کے جواب میں عراقی کردستان کے خلاف نئے تادیبی اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔

بغداد نیوز کے مطابق عراقی وزیراعظم کی شرکت سے وزرا کونسل کے اجلاس میں عراقی کردستان کے خلاف نئی پابندیاں لگائے جانے کی منظوری دے دی گ‏ئی ہے البتہ اعلان کیا گیا ہے کہ ان پابندیوں کا کرد عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اس اجلاس میں مواصلاتی سسٹم کو بغداد حکومت کے کنٹرول میں رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ عراق کی اس کونسل نے ایران اور ترکی سے بھی اپیل کی کہ وہ کردستان کے علاقے پر حکومت بغداد کا مکمل کنٹرول ہونے تک اس علاقے سے ملنے والی تمام سرحدوں کو بند کر دیں اور اس علاقے سے تجارت روک دیں نیز تیل کی فروخت بند کر دیں اور اس سلسلے میں کوئی بھی اقدام حکومت بغداد کے ساتھ ہم آہنگی سے ہی انجام دیں۔

واضح رہے کہ پچّیس ستمبر کو مسعود بارزانی کے اصرار پرعراقی کردستان کے علاقے میں ہونے والے ریفرنڈم کے بعد عراقی کردستان اور بغداد حکومت کے درمیان کشیدگی میں خاصا اضافہ ہو گیا ہے۔

 

 

ٹیگس