عالمی طاقتیں پاک ایران تعلقات کی مخالف
مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ تہران، شیراز، اصفہان اور مشہد مقدس کے دوروں کے دوران ایرانی حکام سے نہایت اہم مسئلوں پر مثبت اور نہایت خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال ہوا اور انشاء اللہ پاکستان اور اسلامی جمہوریہ ایران باہمی تعاون کو مزید بڑھائیں گے۔
جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنماء اور بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے ایران کے مقدس شہر مشہد میں ایک انٹرویو میں کہا کہ عالمی طاقتیں پاک - ایران تعلقات میں پیشرفت کے خواہاں نہیں ہیں۔
مولانا عبدالواسع کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات پہلے سے ہی بہتر ہیں، لیکن ہماری کوشش ہے کہ باہمی رابطے اور حکام کے دونوں ممالک کے دوروں سے موجود بعض دیگر مشکلات بھی جلد از جلد ختم ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے بعض عالمی طاقتیں پاک - ایران تعلقات میں پیشرفت کے خواہاں نہیں ہیں۔ البتہ مسئلے کا واحد حل یہ ہے کہ دونوں ممالک مسلسل رابطے میں رہیں، جس کے سبب تمام مشکلات حل ہوجائیں گے۔
مولانا عبدالواسع نے کہا کہ امت مسلمہ کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے اور ان مشکلات کا واحد حل رابطہ سازی اور مذاکرات ہیں ۔
مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاک - ایران کے مشترکہ موقف کے بارے میں مولانا عبدالواسع کا کہنا تھا کہ ایران سمیت بہت سے دیگر ممالک بھی کشمیری عوام کی حق خودارادیت پر مبنی پاکستان کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔