ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنا رہے ہیں، تحریک حماس
تہران میں حماس کے نمائندے نے کہا ہے کہ حماس اور ایران، فلسطینی کاز کی حمایت اور صیہونی حکومت کا مقابلہ کرنے کے لئے اسٹریٹیجک تعلقات کی تقویت کے راستے میں قدم بڑھا رہے ہیں۔
تہران میں حماس کے نمائندے خالد قدومی نے الرسالہ نیٹ سے گفتگو کے دوران کہا کہ ایران ہمیشہ تمام میدانوں میں فلسطینی استقامت کا حامی رہا ہے اور اس کی یہ حمایت آئندہ بھی جاری رہے گی-
انہوں نے حماس کے وفد کے دورہ تہران اور حماس کے لئے ایران کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے لئے ایران کی حمایت ہمیشہ تھی اور ہمیشہ رہے گی اور صیہونی حکومت کے مقابلے میں حماس اور ایران، ہر حال میں ایک دوسرے کے ساتھ رہیں گے-
تہران میں حماس کے نمائندے نے ایران کے ساتھ تعلقات منقطع کردینے کے لئے داخلی سطح پر یا علاقے کے کسی بھی ملک کی جانب سے ہر قسم کی شرط کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تحریک حماس اس سلسلے میں کسی کی بھی کوئی شرط قبول نہیں کرے گی-
انہوں نے کہا کہ حماس نے کبھی بھی اپنے ہتھیار کسی عرب، اسلامی یا دوست ملک کے خلاف استعمال نہیں کئے ہیں اور سب جانتے ہیں کہ فلسطین کی دشمن، صرف صیہونی حکومت ہے-
واضح رہے کہ حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ صالح العاروری کی قیادت میں حماس کے ایک وفد نے بیس اکتوبر کو ایران کا دورہ کیا- حماس کے وفد نے تہران میں اپنے قیام کے دوران اعلی ایرانی عہدیداروں سے ملاقات اور قاہرہ میں تحریک فتح اور تحریک حماس کے درمیان ہوئے سمجھوتے کی تفصیلات سے آگاہ کیا-