استقامتی محاذ کی کامیابی
رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے مشیر برائے بین الاقوامی امور ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کل لبنان کے صدر اور وزیر خارجہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔
رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے مشیر برائے بین الاقوامی امور ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے خطے میں استقامتی محاذ کی کامیابیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کامیابیوں کا سلسلہ مقصد کے حصول تک جاری رہے گا۔
لبنان کے صدر میشل عون سے ہونے والی ملاقات میں ڈاکٹرعلی اکبر ولایتی نے لبنان کی سیاسی جماعتوں کے مابین ہم آہنگی کے فروغ اور سیاسی استحکام میں میشل عون کے موثر کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کا شماراس وقت علاقے کے پرامن ملکوں میں ہوتا ہے۔
لبنان کے وزیر خارجہ جبران باسیل سے ہونے والی ملاقات کے بعدایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شام، عراق اور لبنان میں استقامتی تحریک کی کامیابی کے لئے ایران سمیت تینوں ممالک کے مابین سفارتکاری کی کوششیں مزید تیز ہونی چاہیئے.
لبنانی حکومت کی جانب سے تکفیری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کئے گئے اقدامات کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ڈاکٹر ولایتی نے کہا جب سے جبران باسیل لبنان کے وزیرخارجہ کے عہدے پر فائز ہوئے ہیں خطے میں امن وامان کے قیام کے لئے دونوں ممالک کے درمیان مزید ہم آہنگی پائی جاتی ہے.
خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس کے کردار کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین شام میں دہشت گردوں کے خاتمے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں.