بحرین میں نبیل رجب کے کیس کی سماعت ملتوی
بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے انسانی حقوق مرکز کے سربراہ نبیل رجب کے خلاف کیس کی سماعت کو اٹھارویں مرتبہ ملتوی کر دیا۔
بحرین کی عدالت نے بحرینی انسانی حقوق مرکز کے سربراہ نبیل رجب کے خلاف ٹوئٹر پیغام اور جیلوں میں بند قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک کو بے نقاب کرنے کے جرم میں چل رہے کیس کی سماعت کو بائیس نومبر تک ملتوی کر دیا۔
نبیل رجب کے خلاف کیس کی سماعت آٹھ نومبر کو ہونے والی تھی۔
دریں اثنا بحرین کے انسانی حقوق مرکز نے نبیل رجب کے خلاف کیس کی سماعت کو مسلسل ملتوی کئے جانے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بحرینی عدالت کے اس قسم کے اقدامات سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ بحرین میں آل خلیفہ حکومت کی عدلیہ، انصاف کرنے پر قادر نہیں ہے۔
دوسری جانب آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے الدراز کے محصور علاقے میں امام جعفر صادق مسجد کے اطراف میں تعینات ہو کر مسلسل انہتّرویں ہفتے نماز جمعہ نہیں ہونے دی۔
الدراز کے علاقے میں آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں کے اس غیراسلامی اقدام کی بنا پر وہاں کے شہری ایک بار پھر نماز جمعہ سے محروم رہے اور انھوں نے فرادی نماز ادا کی۔