Nov ۳۰, ۲۰۱۷ ۱۳:۲۲ Asia/Tehran
  • بحرین میں ملک گیر مظاہروں کا اعلان

بحرین کے علما نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کا فوجی محاصرہ ختم کرانے کے مطالبے کے حق میں ہونے والے ملک گیر مظاہروں میں شرکت کریں۔

بحرین کے اللولو ٹی وی چینل نے جمعرات کو خبر دی ہے کہ بحرینی علما نے ایک بیان جاری کر کے کہا ہے کہ جمعرات کو ملک گیر مظاہروں میں عوام کی بھرپور موجودگی، ایک تقدیر ساز مسئلہ ہے اور اس سلسلے میں سستی جائز نہیں ہے- بحرین کی الحق تحریک نے بھی اعلان کیا ہے کہ ملک گیر مظاہروں میں شرکت، آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے ساتھ یکجہتی کا اظہاراور ایک اہم قومی دینی اور اخلاقی فریضہ ہے-

آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی جسمانی حالت بہت زیادہ بگڑ جانے کے بعد ایمنسٹی انٹرنیشنل، بحرین کے علما اور عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طورپر ان کے علاج و معالجے کے لئے مناسب حالات فراہم کرے- بحرین کے خبری ذرائع کے مطابق بحرین کی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی رہائشگاہ کے گرد محاصرہ بہت زیادہ تنگ کر دیا ہے اور ان کے گھر کے چاروں طرف بڑی تعداد میں بکتر بندگاڑیاں اور پولیس کی گاڑیاں تعینات کر دی گئی ہیں جبکہ الدراز کا علاقہ ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل ہو چکا ہے-

آل خلیفہ حکومت نے جون دو ہزار سولہ میں بحرینی عوام کے مذہبی قائد آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کر کے ان کے گھر کا محاصرہ کر لیا تھا اور الدراز کے علاقےمیں جہاں ان کا گھر واقع ہے نماز جمعہ پر پابندی عائد کر دی تھی-

 

ٹیگس