Dec ۱۲, ۲۰۱۷ ۰۹:۰۷ Asia/Tehran
  • بیت المقدس پرغاصبانہ قبضہ، مذہب کے نام پر مسلمانوں کی نسل کشی

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر علماء و معززین شہر کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس پر غاصبانہ اور جابرانہ قبضہ مذہب کے نام پر کیا جا رہا ہے اور مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ فلسطین میں ماؤں، بہنوں، بچوں اور بوڑھوں کا خون بہایا جا رہا ہے، انسانی حقوق کی تنظیمیں، اقوام متحدہ کیوں خاموش ہیں، لگتا ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور اقوام متحدہ خاموش رہ کر یہود و نصاریٰ کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کے تحفظ اور فلسطینیوں کے حق میں ہر مسلمان کو گھر سے نکل کر آواز بلند کرنا ہوگی، مسلم حکمران خواب غفلت میں ہیں۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ٹرمپ کے اسلام دشمن رویئے اور پالیسیوں سے پوری دنیا کا امن خراب ہوگا، عالمی قوتیں ٹرمپ کو ایسے اقدامات سے روکیں، جو اقوام متحدہ کے چارٹرڈ کی خلاف ورزی اور اسلام دشمنی پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کی مکمل آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے، حکومت پاکستان امریکی فیصلے کے خلاف صرف بیان سے کام نہ چلائے بلکہ بیت المقدس کے تحفظ اور فلسطین کی مکمل آزادی کے لئے کردار ادا کرے، دوٹوک انداز میں امریکا اور اس کے حواریوں کو پیغام دیا جائے کہ امریکی فیصلہ مسترد کرتے ہیں۔

 

ٹیگس