یمنی عوام کے لئے حزب اللہ کی حمایت کا اعلان
حزب اللہ لبنان نے یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جارحیت کے ایک ہزار دن پورے ہونے کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں یمنی عوام کی حمایت پر تاکید اور سعودی عرب اور امریکہ کی وحشیگری کی مذمت کی ہے۔
حزب اللہ لبنان نے یمن پر سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ ایک ہزار دن میں سعودی عرب اور امریکہ نے یمن میں چھوٹے بڑے کسی بھی انسان پر رحم نہیں کیا اور حتی ان حملوں میں مسجدوں اسپتالوں اور اسکولوں کو بھی نہیں چھوڑا گیا-
حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یمن کا محاصرہ جاری رہنے کی وجہ سے اس ملک کے عوام کو شدید وبائی امراض کا سامنا ہے- حزب اللہ نے اپنے بیان میں سعودی عرب اور امریکہ کے مقابلے میں یمنی عوام کی استقامت اور صبر و حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جنگ کے میدانوں میں ثابت کر دیا ہے کہ یمنی عوام کی استقامت اور صبر و حوصلے کے بارے میں کم سے کم بھی اگر کوئی بات کی جائے تو وہ یہ ہے کہ یہ استقامت و پائیداری کسی معجزے سے کم نہیں ہے-
حزب اللہ نے سعودی عرب کے ہاتھوں یمنی عوام کے قتل عام پر عالمی برادری اور اسلامی و عرب ملکوں کی عجیب وغریب خاموشی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری نے یمن کے سلسلے میں اس طرح سے خاموشی اختیار کر رکھی ہے کہ گویا وہاں کچھ ہوا ہی نہیں ہے-
بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن کے عوام کا خون بہایا جا رہا ہے اور ان کے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے کئے جا رہے ہیں لیکن عالمی برادری کی خاموشی سے ایسا لگتا ہے کہ یمن کے عوام انسان ہی نہیں ہیں-
حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں اور ان حملوں کو جاری رکھنے پر آل سعود کے اصرار اور ہٹ دھرمی کی مذمت اور اس جنگ کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں-
حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم سعودی عرب اور اس کے کرائے کے ایجنٹوں کے مقابلے میں یمن کے صابر و ثابت قدم عوام اور یمنی عوام کی مدبر قیادت اور جانباز فوجیوں اور نوجوانوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں-
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم عرب اور اسلامی ملکوں کے رہنماؤں اورحکمرانوں اور اسی طرح پوری دنیا کی حکومتوں اور سیاسی جماعتوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ یمن پر ڈھائے جا رہے مظالم پر اپنی خاموشی توڑیں اور یمن میں رونما ہو رہے بدترین انسانی المیے کو بند کرائیں-
حزب اللہ لبنان نے اپنے بیان میں کہا کہ صبر و استقامت کا انجام یقینی طور پر کامیابی کی ہی صورت میں نکلے گا-
واضح رہے کہ سعودی عرب نے چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے اپنے اتحادی ملکوں کے ساتھ یمن پر وحشیانہ جارحیت شروع کر رکھی ہے جس میں اب تک تیرہ ہزار سے زائد عام شہری شہید ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں یمنی شہری زخمی ہوئے ہیں اور دسیوں لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں۔