Dec ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۶:۰۸ Asia/Tehran
  • بحرین کے انقلابی اتحاد کی جانب سے آل خلیفہ حکومت کے اقدام کی مذمت

بحرین میں چودہ فروری نامی انقلابی گروہوں کے اتحاد کے ایک رہنما نے سیاسی قیدیوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمے چلائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے ان مقدمات کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔

بحرین میں چودہ فروری نامی انقلابی گروہوں کے اتحاد کے رہنما عصام المنامی نے عام شہریوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فوجی عدالتوں میں سیاسی قیدیوں پر مقدمات چلا کر آل خلیفہ حکومت، عوام کی پرامن سیاسی جدوجہد کو کچلنا چاہتی ہے-

بحرین کے انقلابی رہنما عصام المنامی نے کہا کہ اس قسم کے اقدامات کا مقصد شہریوں کو ڈرانا اور سیاسی مخالفین کی آواز کو دبانا ہے جو اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کا اختیار حاصل کرنا چاہتے ہیں-

انہوں نے کہا کہ آل خلیفہ حکومت عوامی تحریک کو کچلنے کے لئے کسی بھی اقدام سے دریغ نہیں کر رہی ہے- ان کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں میں آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ فیصلے بحرینی عوام کے عزم و ارادے کو متزلزل نہیں کر سکتے جو گذشتہ سات برسوں سے حکومت کے تمام تر مظالم کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں-

بحرینی بادشاہ کے ذریعے عام شہریوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے جانے کی اجازت دیئے جانے کے بعد آل خلیفہ حکومت، سیاسی قیدیوں اور عام شہریوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمے چلا رہی ہے-

بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے عوام کی پرامن تحریک جاری ہے- بحرینی عوام اپنے ملک میں آزادی اور جمہوریت کا مطالبہ کر رہے ہیں-

 

ٹیگس