غزہ میں ایک نوجوان فلسطینی کی شہادت
غزہ میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں جمعے کے روز زخمی ہونے والا فلسطینی نوجوان ہفتے کے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق اکّیس سالہ یہ فلسطینی نوجوان غزہ کے المغازی کیمپ میں جمعے کے روز صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے نتیجے میں زخمی ہو گیا تھا۔
غزہ میں جمعے کے روز فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کی درمیان ہونے والی جھڑپوں میں صیہونی فوجیوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پچاس سے زائد فلسطینی زخمی ہو گئے جن میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے۔
جھڑپوں کے دوران صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے خلاف زہریلی گیس کا بھی استعمال کیا جس کے نتیجے میں ایک سو بیس سے زائد فلسطینیوں کی حالت خراب ہو گئی اور ان کا دم گھٹنے لگا۔
بیت المقدس کے بارے میں امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے کے نتیجے میں جمعے کو لگاتار چوتھے ہفتے بھی غرب اردن کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں نے شدید احتجاج کیا۔
بیت المقدس کے بارے میں امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے کے بعد سے فلسطینیوں کے احتجاج اور صیہونی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں کا نیا سلسلہ جاری ہے جن میں اب تک تیرہ فلسطینی شہید اور سیکڑوں دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔