Jan ۱۴, ۲۰۱۸ ۱۱:۱۵ Asia/Tehran
  • آل خلیفہ کی انتقامی کارروائی کی مذمت

بحرینی مرکز برائے انسانی حقوق نے اپنے جاری کردہ بیان میں آل خلیفہ حکومت کی جانب سے بحرینی انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق بحرین سینٹر آف انسانی حقوق (بی ایچ سی آر) نے حکومت کی جانب سے بحرین کے انسانی حقوق کے رہنماوں اور کارکنوں کو مسلسل ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہوئے بحرین میں انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والے سرگرم رہنماوں اور کارکنوں کے خلاف منامہ کی مہم کو روکنے میں مدد کے لئے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے۔

بحرین سنٹر آف ہیومن رائٹس نے جاری کردہ اپنے بیان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، قید و بند کی صعوبتوں اور مختلف قسم کی پابندیوں کو 2011 میں بحرین کی مقبول عوامی تحریک کے بعد سے جاری حکومتی سیاسی انتقام کا تسلسل قرار دیا ہے ۔

آل خلیفہ کی ڈکٹیٹر حکومت نے اب تک سیکڑوں سیاسی اور انسانی حقوق کے کارکنوں پر دہشت گردی کے من گھڑت اور بے بنیاد الزامات عائد کرکے انہیں جیلوں میں بند کر دیا ہے۔

بی ایچ سی آر نے مطالبہ کیا کہ اس قسم کی انسانی حقوق اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والوں کو مکمل آزادی کے ساتھ اپنا کام جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔

واضح رہے کہ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے عوامی انقلابی تحریک جاری ہے اور اس ملک کے عوام آزادی و انصاف کے قیام، نسلی امتیاز کے خاتمے اور منتخب حکومت کے بر سر اقتدار آنے کا مطالبہ کررہے ہیں تاہم آل خلیفہ حکومت سعودی فوجیوں اور متحدہ عرب امارات کے سیکورٹی اہلکاروں کی مدد سے اس ملک کے عوام کے احتجاجی مظاہروں کو سختی سے کچل رہی ہے۔

ٹیگس