Jan ۲۰, ۲۰۱۸ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
  • افغانستان: دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں میں متعدد افراد ہلاک

افغان سیکیورٹی فورسز نے 5 القاعدہ جنگجوؤں سمیت 39 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ جھڑپ میں 8 پولیس اہلکار بھی مارے گئے۔

افغان میڈیا کے مطابق  وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے افغانستان میں طالبان، القاعدہ اور دیگر دہشتگردوں کے خلاف 24 گھنٹوں کے اندر مختلف علاقوں میں کارروائی کی جس میں34 دہشتگردوں کو ہلاک اور 33 کو زخمی کردیا گیا، صوبہ ننگرہار کے ضلع شیرزادو میں افغان فورسز اور غیر ملکی اتحادی فورسز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے القاعدہ کے 5 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔

سیکیورٹی فورسز کے مطابق دہشتگردوں کے پاس سے مشین گن اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا، صوبہ ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ کی ایک چیک پوسٹ پر طالبان کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں8 پولیس اہلکار مارے گئے۔

دوسری جانب امریکا نے اس الزام کی ایک بار پھر سختی سے تردید کی ہے کہ جنگ زدہ ملک افغانستان میں داعش کے نام سے ابھرنے والے نئے دہشت گرد گروپ کے پیچھے اس کا ہاتھ ہے، بعض حلقوں کی جانب سے جن میں سابق افغان صدر حامد کرزئی اور روس بھی شامل ہیں حالیہ مہینوں میں یہ کہا جاتا رہا ہے کہ امریکا افغانستان میں داعش کی مدد کر رہا ہے۔

ٹیگس