دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج کی کارروائی
شامی فوج نے ادلب کے جنوبی اور جنوب مشرقی مضافاتی علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ابوالظہور فوجی ایئرپورٹ کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج اور اس کے اتحادی، صوبے ادلب کے جنوب مشرقی سرحد سے ملے صوبے حلب کے جنوبی سرحد پر واقع قصبے قیطل سے دہشت گردوں کا صفایا کرتے ہوئے ابوالظہور ایئرپورٹ میں داخل ہو گئے اور انھوں نے اس فوجی ایئرپورٹ کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔
قصبے قیطل سے دہشت گردوں کا صفایا اس فوجی ایرپورٹ کو کنٹرول میں لئے جانے میں آسانی کا باعث بنا۔
ادلب کے جنوبی اور جنوب مشرقی مضافاتی علاقے ایسی حالت میں شامی فوج اور اس کےاتحادیوں کے کنٹرول میں آئے ہیں کہ مسلح گروہوں نے شامی فوج کی پیش قدمی روکنے کے لئے اپنی پوری توانائی کو استعمال کیا تھا۔ واضح رہے کہ شام کا بحران دو ہزار گیارہ میں امریکہ اور بعض مغربی و عرب ملکوں کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملے سے شروع ہوا ہے تاکہ علاقے میں طاقت کا توازن غاصب صیہونی حکومت کے حق میں تبدیل کیا جاسکے تاہم شامی عوام اور تحریک مزاحمت کی کوششوں کی بدولت شام کے خلاف سازش ناکام ہو گئی اور دہشت گردوں کو شکست کا منھ دیکھنا پڑا۔