ایران و روس کی مدد سے دہشت گردی کے خلاف مہم پر شامی صدر کی تاکید
شام کے صدر بشار اسد نے دہشت گردی کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شامی عوام اپنے ملک کے دوست ملکوں خاص طور سے اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف مہم جاری رکھیں گے
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شام کے صدر بشار اسد نے دمشق میں آستانہ کے سیاسی عمل میں ایران کے اعلی مذاکرات کار حسین جابری انصاری سے گفتگو میں کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری مہم سے بحران شام کے پرامن حل کے لئے راہ ہموار ہو گی۔انھوں نے کہا کہ شام میں دہشت گردی کے خلاف مہم، امن و استحکام کے قیام اور شام کی تعمیرنو کے عمل میں ایران کی حکومت اور عوام اپنی حمایت جاری رکھیں گے۔اس ملاقات میں شام کے صدر بشار اسد اور آستانہ کے سیاسی عمل میں ایران کے اعلی مذاکرات کار حسین جابری انصاری نے دونوں ملکوں کے اسٹریٹیجک تعلقات اور مختلف شعبوں خاص طور سے دہشت گردی کے خلاف مہم میں دونوں ملکوں کے تعاون اور تعلقات کی تقویت سے متعلق تہران اور دمشق کی دلچسپی پر زور دیا اور روس کے شہر سوچی میں شام کے قومی مذاکرات کی کامیابی کی کوششوں کے بارے میں گفتگو کی۔یہ مذاکرات انتیس اور تیس جنوری کو ہوں گے۔