سعودی عرب پر میزائیل حملہ
یمن کی فوج نے سعودی عرب کے صوبے عسیر کے ملک فیصل فضائی چھاونی پر بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا ہے۔
ہمارے نمائندے نے یمن کے ٹیلیویژن چینل المسیرہ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ داغے گئے بیلسٹک میزائل نے ملک فیصل فضائی چھاونی کو نشانہ بنایا۔ یمن کی فوج اور عوامی رضا کار فورسز کی کمیٹی نے اتوار کے روز بھی صوبہ تعز کے علاقے عصیفرة پر سعودی آلہ کاروں کے ٹھکانے پر بیلسٹک میزائل داغا تھا۔
یمن کی فوج اور عوامی رضا کار فورسز نے 7 اور 8 جنوری 2018 کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کے ذریعے سعودی عرب کے دو جنگی طیاروں کو نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ یمن کا بحران 2015 میں اس ملک پر سعودی عرب کے حملے کے وقت سے شروع ہوا جو ابھی تک جاری ہے اور تقریبا تین سال کی اس مدت میں اکیس ہزار سے زیادہ یمنی شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ یہ حملے یمن کے عوام کے قتل عام کے علاوہ اس ملک کی بنیادی تنصیبات کی بھی ویرانی اور تباہی و بربادی کا باعث بنے ہیں۔ سعودی عرب نے اس ملک کے عوام کو شدید محاصرے میں رکھا ہے اور اس وقت یمنی عوام وسیع پیمانے پر انسانی بحران سے دوچار ہیں کہ جسے صدی کا انسانی المیہ کہا جا رہا ہے۔