Mar ۱۴, ۲۰۱۸ ۰۹:۳۲ Asia/Tehran
  • ایسے لوگ جنہیں فراموش کر دیا گیا .... مقالہ

شمالی شام میں صوبہ ادلب کے نزدیک شیعہ مسلمانوں کا "فوعہ اور کفریا" نام کا ایک قصبہ ہے۔ اس قصبے کے عوام نے مزاحمت اور جہاد کی ایسی مثال پیش کی ہے جس کے بارے میں جان کر ہر کوئی انگشت بہ دنداں رہ جاتا ہے۔

ایران کی خبر رساں ایجنسی تسنیم نیوز کا ایک رپورٹر دہشت گردوں کے محاصرے میں موجود اس قصبے میں کسی طرح داخل ہونے میں کامیاب رہا۔ اس رپورٹر نے اس قصبے کے لوگوں کی زندگی نزدیک سے دیکھی اور ایک رپورٹ تیار کی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے محاصرے میں اس قصبے کی زندگی، شام کے دیگرعلاقوں میں مقیم لوگوں کی طرح بالکل نہیں ہے۔

دہشت گردوں نے کفریا اور فوعہ نامی شیعہ قصبے کو تقریبا تین سال سے اپنے محاصرے میں لے رکھا ہے، مقامی لوگ دہشت گردوں کو قصبے میں داخل نہیں ہونے دے رہے ہیں اور دہشت گرد، قصبے سے کسی کو کہیں جانے نہیں دے رہے ہیں۔ اس کشمکش میں تین سال کا عرصہ گزر گیا ہے لیکن اس دوران قصبے کے لوگوں نے زندہ رہنے کا نیا طریقہ تلاش کر لیا ہے۔

اس قصبے کی خواتین طرح طرح کی چيزیں پیس کر ان کا آٹا بناتی ہیں اور اس سے روٹیاں تیار کرتی ہیں۔ تیل اور گیس سے مالامال شام میں دوسرے علاقے کے لوگ گیس کے چولہے پر کھانا پکاتے ہیں لیکن کفریا اور فوعہ علاقے کے لوگ، لکڑی جلا کر کھانا تیار کرتے ہیں اور یہی ان کا ایندھن ہے کیونکہ تین برسوں سے جاری محاصرے کی وجہ سے ایندھن کے نام پر بس یہی چیز وہاں بچی ہے۔

اس قصبے میں ٹیکسی نام کی کوئی چيز نہیں، کاربھی نہیں چل سکتی کیونکہ کار، لکڑی سے نہیں چل سکتی اور تیل نہیں ہے اس لئے لوگ ٹھیلوں سے سامان منتقل کرتے ہیں اور خود بھی ادھر ادھر جاتے ہیں۔

اتنی مشکلات کے باوجود اس علاقے کے لوگوں کا عزم ذرہ برابر بھی متاثر نہیں ہوا اور مشرقی ادلب میں شامی فوج کی کاروائیوں سے ان کے دل میں امید کی نئی کرن پیدا ہوئی ہے اور جب بھی وہ شامی فوج کی توپوں کی گرج سنتے ہیں، خوشی سے جھوم اٹھتے ہیں کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ فوج، کفریا اور فوعہ کی جانب پیشرفت کر رہی ہے اور جلد ہی انہیں دہشت گردوں کے محاصرے سے نجات مل جائے گی۔

شام میں مشرقی غوطہ کو دہشت گردوں کا آخری ٹھکانہ کہا جاتا ہے، خبروں کے مطابق، اس علاقے میں عرب اور مغربی ممالک کے خفیہ ایجنٹ بھی ہیں، پوری دنیا میں مغربی ممالک نے مشرقی غوطہ کے لئے ہنگامہ مچا رکھا ہے، نہ جانے کیسے - کیسے اور کہاں - کہاں سے فوٹو اور ویڈیو کلپ لاکر غوطہ کے عام شہریوں پر آنسو بہائے جا رہے ہیں مگر کہیں بھی کفریا و فوعہ کے لوگوں کی بات نہیں کی جاتی، شاید اس لئے کیونکہ ان کے درمیان دہشت گرد اور مغربی خفیہ ایجنٹ نہیں بلکہ وہ دہشت گردوں کے محاصرے میں ہیں۔

 

ٹیگس