ملک سلمان کی بیٹی کو گرفتار کرنے کا حکم
فرانس کی ایک عدالت نے سعودی عرب کے شاہ سلمان کی بیٹی اور ولی عہد محمد بن سلمان کی سوتیلی بہن کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
کہا جارہا ہے کہ فرانسسی عدالت نے حصہ بنت سلمان کی گرفتاری کا حکم اس کے ذاتی محافظ کی جانب سے پیرس میں ایک عام شہری پر حملے کے بعد جاری کیا ہے۔
حصہ بنت سلمان پر الزام ہے کہ اس نے ستمبر دو ہزار سولہ میں اپنے ایک محافظ کو پیرس میں اپنے اپارٹمنٹ کی داخلی تزئین و آرائش میں مشغول انٹیریئر ڈیزائنر کو زد و کوب کرنے کا حکم دیا تھا۔
مذکورہ انٹیریئر ڈیزائنر نے عدالت کے روبرو شکایت دائر کی ہے کہ بنت سلمان کے محافظ نے اس کو بے تحاشہ زد کوب اور سعودی شہزادی کے پیر چومنے پر مجبور کیا تھا۔
یہ کہا جا رہا ہے کہ مذکورہ فرانسیسی شہری کو کئی گھنٹے تک شہزادی کے اپارٹمنٹ میں محبوس بھی رکھا گیا اور بعد ازاں اس کا سامان وغیرہ ضبط کر کے اسے جانے کی اجازت دی گئی۔
سعودی شہزادی کے مذکورہ محافظ پر ایک ماہ کے بعد مسلح تشدد، اغوا برائے تاوان، ڈکیتی اور اقدام قتل جیسے الزام عائد کیے گئے تھے۔