افغانستان: ہرات کی مسجد نبی اکرم میں بم دھماکہ، 13 نمازی شہید اور زخمی
افغانستان کے شہر ہرات میں ایک مسجد میں ہونے والے دھماکے میں تیرہ افراد شہید و زخمی ہو گئے۔
کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق شہر ہرات کی مسجد نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم میں ہونے والے اس دھماکے میں کم از کم تین افراد شہید اور نو دیگر زخمی ہو گئے جبکہ بعض زخمیوں کی تشویشناک حالت کے پیش نظر شہید ہونے والے افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ دو حملہ آور خودکش حملہ کرنے کے لئے مسجد میں داخل ہو رہے تھے جن میں سے ایک، سیکورٹی اہلکاروں کی فائرنگ میں ہلاک ہو گيا تاہم دوسرے حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
گذشتہ سال ہرات کی مسجد جوادیہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد کہ جس کی ذمہ داری داعش دہشت گرد گروہ نے قبول کی تھی، مسجد نبی اکرم ص میں ہونے والا ہرات کا یہ دوسرا دھماکہ ہے کہ جس کی ذمہ داری بھی داعش دہشت گرد گروہ نے قبول کی ہے۔
ہرات کے شیعہ اور سنی علمائے کرام نے مسجد پر حملے کو ملک میں فرقہ وارنہ فسادات کرانے کی کوشش قرار دیا ہے۔
ادھر مشرقی افغانستان کے صوبے ننگرہار میں ہونے والے بم دھماکے میں ایک شخص ہلا ک اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔