آیت اللہ زکزاکی کی طبیعت ناساز
نائیجیریا میں اسلامی تحریک کے رکن نے کہا ہے کہ آیت اللہ زکزاکی کی طبیعت ناسازہے اور وہ چل نہیں سکتے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، نائیجیریا میں اسلامی تحریک کے فعال رکن یوسف حمزه نے کہا ہے کہ شیخ زکزاکی کی طبیعت نہایت نازک ہوچکی ہے اور وہ چل پھربھی نہیں سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ نائیجیرین فوج نے شیخ زکزاکی کے گھر پر حملہ کرکے انہیں سخت زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا۔ شیخ زکزکی کئی مہینوں سے بے جرم و خطا جیل میں پابند سلاسل ہیں اور ان کی طبیعت سخت ناسازہے، نائیجیریا کے حکام نے ان کی رہائی کے لئےعوام کی جانب سے بارہا مظاہروں اور مطالبوں کے باوجود ابھی تک انھیں رہا نہیں کیا ہے۔
نائجیریا کی عدالت نے اسلامی تحریک کے سربراہ آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزکی اور ان کی اہلیہ کی فوری رہائی کا حکم جاری کیا لیکن اس کے باوجود حکومت نے انہیں رہا نہیں کیا ہے۔
یاد رہے کہ نائجیریا کی فوج نے حسینی عزاداروں پر حملہ کرکے ہزاروں شیعہ مسلمانوں کو شہید اور زخمی کردیا تھا اور شیعہ مسلمانوں کے رہنما شیخ ابراہیم زکزکی اور ان کی اہلیہ کو زخمی کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔
نائیجیرین فوج کے وحشیانہ حملے میں شیخ ابراہیم زکزکی کی ایک آنکھ بھی ضائع ہوگئی تھی جبکہ ان کی دوسری آنکھ کی بھی بینائی بھی بہت کم ہوگئی ہے۔