منصور ہادی کی عدن واپسی میں متحدہ عرب امارات کی رکاوٹ
یمن کی مستعفی حکومت کے وزیر داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات منصور ہادی کی عدن واپسی میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مستعفی حکومت کے وزیر داخلہ احمد المیسری نے، جو ریاض میں رہائش پذیر ہیں، فرانسیسی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کے مستعفی صدر منصور ہادی اور متحدہ عرب امارات کے حکام کے درمیان اختلافات اس حد تک بڑھ گئے ہیں کہ متحدہ عرب امارات منصور ہادی کی عدن واپسی کو ناقابل قبول سمجھتا ہے۔
المیسری نے کہا کہ عدن میں دہشت گردی کے خلاف جو حربے سعودی اتحاد کی کارروائی کے دائرے میں استعمال کئے جا رہے ہیں، وہ درست نہیں ہیں۔
اس سے قبل مارچ میں یمن کے وزیر مملکت صلاح الصیادی نے تاکید کے ساتھ کہا تھا کہ منصور ہادی زبردستی ریاض میں رکے ہوئے ہیں۔
جنوبی یمن کے حالات سے پتہ چلتا ہے کہ یمن میں اثرورسوخ پیدا کرنے کے سلسلے میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوڑ شدّت اختیار کرتی جا رہی ہے اور ان میں ہر کوئی دوسرے کو شکست دینے کی کوشش کر رہا ہے۔