پیغمبر(ص) کی بعثت، انسانیت کی بہار
حضرت محمد (ص) کی بعثت کا جشن، اسلامی جمہوریہ ایران سمیت پوری دنیا میں انتہائی مذہبی جوش و عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
حضرت محمد مصطفی (ص) کی بعثت کا جشن اسلامی جمہوریہ ایران سمیت پوری دنیا میں انتہائی مذہبی جوش جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ پورے ایران کی سرکاری اور نجی عمارتوں، سڑکوں خاص طور سے حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہےاور چراغانی کی گئی ہے- عاشقان رسول خدا(ص) جگہ جگہ لوگوں میں شربت اور مٹھائیاں تقسیم کر رہے ہیں-
عید مبعث کے مرکزی اجتماعات مشہد المقدس میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر اور قم المقدسہ میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم مطہر میں جاری ہیں جہاں بڑی تعداد میں عاشقان اہلبیت اطہار(ع) جشن میں شریک ہیں-
عید مبعث کے موقع پرعراق کے مقدس شہروں نجف اشرف، کربلائے معلی، کاظمین اور سامرہ میں بھی وسیع پیمانے پر جشن کا اہتمام کیا گیا ہے-
پاکستان اور ہندوستان سے موصولہ رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ رسول خدا کی بعثت کا جشن بڑے اہتمام کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور ذاکرین و شعرائے کرام اپنے اپنے مخصوص انداز میں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں- جگہ جگہ جشن و محافل کا اہتمام کیا گیا ہے اور گھر گھر نذر و نیاز کا سلسلہ جاری ہے۔
سحر عالمی نیٹ ورک اپنے تمام ناظرین، سامعین اور چاہنے والوں کو اس پر مسرت موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔