افغانستان: مسجد میں دھماکہ، 10 نمازی جاں بحق درجنوں زخمی
May ۰۶, ۲۰۱۸ ۱۸:۰۵ Asia/Tehran
جنوب مشرقی افغانستان کے صوبے خوست کی ایک مسجد میں ہونے والے بم دھماکے میں درجنوں نمازی جاں بحق و زخمی ہو گئے۔
خوست پولیس کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب لوگ نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد مسجد سے باہر نکل رہے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ دھماکہ بارودی سرنگ کے ذریعے کیا گیا جس کو مسجد میں پہلے سے لا کر نصب کیا گیا تھا۔
صوبائی محکمہ صحت کے سربراہ حبیب شاہ نے دس افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ چونتیس افراد زخمی بھی بتائے جاتے ہیں۔
آوا پریس کے مطابق یہ دھماکہ جس مسجد میں ہوا اسے افغانستان کے آزاد الیکشن کمیشن نے، ووٹر رجسٹریشن کا مرکز بھی بنا رکھا ہے۔
افغانستان میں ووٹر رجسٹریشن مراکز پر کئی بار حملے ہو چکے ہیں اور اس طرح کا سب سے خونریز حملہ مغربی کابل میں ہوا تھا جس میں ستر افغان شہری جاں بحق اور ایک سو بیس دیگر زخمی ہو گئے تھے۔