May ۰۸, ۲۰۱۸ ۰۸:۴۵ Asia/Tehran
  • روہنگیائی مسلمانوں کو نسل کشی کا سامنا

بنگلہ دیش کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ روہنگیائی مسلمانوں کو بھی عزت و آبرو کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے تحفظ کے موضوع پر ڈھیل نہیں دی جانی چاہیے انہیں بھی عزت و آبرو سے جینے کا حق حاصل ہے۔

ڈھاکہ میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم کے 45 ویں وزرائے خارجہ کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے کہا کہ ایسی صورتحال میں کہ جب روہنگیا مسلمان نسل کشی کا سامنا کر رہے ہیں، اسلامی تعاون تنظیم ان کی طرف سے لاپرواہی کا مظاہرہ نہیں کر سکتی۔

انھوں نے اسلامی تعاون تنظیم سے اپیل کی کہ روہنگیا مسلمانوں کی محفوظ شکل میں اپنے گھروں کو واپسی کے لئے میانمارکی حکومت پر دباو ڈالے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزیناں فلپو گرینڈی نے بھی کہا تھا کہ قرائن و شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ میانمار کے صوبے راخین کی صورت حال روہنگیا مسلمانوں کے لیے بدستور خراب ہے اور روزانہ سیکڑوں کی تعداد میں روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش کی سرحدوں کا رخ کر رہے ہیں۔

میانمار میں انتہا پسند بدھسٹوں اور سیکورٹی فورس کے منظم جرائم کے نتیجے میں ہزاروں روہنگیا مسلمان مارے جا چکے ہیں جبکہ کئی لاکھ لوگ اپنا گھر بار چھوڑ کر بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

ٹیگس