غیر ملکی جاسوسی مرکز پر شامی فضائیہ کی بمباری
شامی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے جنوبی صوبے درعا کے شہر حارہ میں غیر ملکی جاسوسی اداروں سے وابستہ ایک مرکز پر بمباری کی ہے۔
شامی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے جنوبی صوبے درعا کے شہر حارہ میں غیر ملکی جاسوسی اداروں سے وابستہ ایک مرکز پر جو دہشت گردوں کے کنٹرول میں ہے، بمباری کی ہے-
شامی وزارت دفاع کے ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ دمشق نے اس جاسوسی مرکز پر اس وقت بمباری کی جب یہ ثابت ہو گیا کہ یہ غیر ملکی الیکٹرانیک جاسوسی مرکز دہشت گردوں کی حمایت کے لئے کام کرتا ہے-
ایک ویڈیو کلیپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس غیر ملکی جاسوسی مرکز میں موجود گاڑیوں اور خود عمارت کو شامی فضائیہ کے میگ ٹونٹی ون اور میگ ٹونٹی تھری طیاروں نے کس طرح سے تباہ کیا ہے-
یہ ویڈیو کلیپ ڈرون طیارے کے ذریعے بنائی گئی ہے- اس سے پہلے بھی شامی ذرائع نے کہا تھا کہ درعا کے ہی جنوب مغربی شہر قنیطرہ میں اسرائیل کے بنے ہوئے ہتھیاروں کی ایک بڑی کھیپ کا پتہ لگا کر اسے ضبط کر لیا گیا۔ اسرائیلی ہتھیاروں کی یہ کھیپ حمص میں دہشت گردوں کے لئے بھیجی جا رہی تھی-
دوسری جانب دمشق کے مضافاتی علاقے حجرالاسود میں داعش کے آخری ٹھکانے پر شام کے ہوائی اور توپخانوں کے حملوں کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف گھیرے کو مزید تنگ کر دیا گیا-
شامی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے کے شمال مغربی حصے میں فوج اور دہشت گردوں کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے جس کے دوران دہشت گردوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچا ہے-
شامی فوج دمشق کے مضافات میں حجرالاسود اور الیرموک کیمپ میں داعش کے ٹھکانوں پر جنگی طیاروں اور توپخانوں سے مسلسل حملے کر رہی ہے-