امریکی سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کئے جانے کی مذمت
امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کئے جانے کے خلاف پرامن مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں کے وحشیانہ قتل عام کی پورے عالم اسلام کی جانب سے شدید مذمت کی جا رہی ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ نے منگل کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ امریکہ نے بارہا ثابت کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پابندی نہیں کرتا اور وہ اپنے مقاصد کے لئے قوانین کو پیرو تلے روندنے لگتا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور قوم، مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے سن سڑسٹھ کی سرحدوں کی بنیاد پر بیت المقدس کی مرکزیت کےساتھ ایک آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کی خواہاں ہے۔یمن کی اعلی سیاسی کونسل نے بھی ایک بیان میں امریکی سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کئے جانے پر عرب ملکوں کی خاموشی کو المیہ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یہ خاموشی، بعض عرب ملکوں کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات برقرار کرنے کی کوشش کی آئینہ دار ہے۔ یمن کی اعلی سیاسی کونسل نے تمام عرب و اسلامی ملکوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے اپنے دارالحکومتوں میں امریکی سفارت خانہ بند کر دیں۔شام کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان میں بیت المقدس میں امریکی سفارت خانہ کھولے جانے کی مخالفت کرنے والے فلسطینیوں کے وحشیانہ قتل عام کی شدید مذمت کی ہے۔واضح رہے کہ فلسطینیوں کے اس طرح کے بےدردانہ قتل عام کی علاقائی و عالمی سطح پر شدید مذمت کی جا رہی ہے۔