بغداد میں دہشت گردانہ حملہ، متعدد جاں بحق و زخمی
عراق کے سیکورٹی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ دارالحکومت بغداد کے شمال میں ایک خودکش حملہ آور نے ایک مجلس عزا میں پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس میں تیس سے زائد افراد جاں بحق و زخمی ہو گئے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق خودکش دھماکے کا واقعہ بغداد کے شمال میں طارمیہ کے علاقے حصیوہ میں پیش آیا جس میں کم از کم سات افراد جاں بحق اور پچّیس دیگر زخمی ہو گئے۔دھماکے کے بعد علاقے کا محاصرہ کر لیا گیا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔عراق کے سیکورٹی ذرائع نے بدھ کے روز یہ بھی اعلان کیا کہ ایک اور خودکش حملہ آور نے سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے پتہ لگا لئے جانے کے بعد چیک پوسٹ پر ہی خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔واضح رہے کہ عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کو شکست ہو جانے کے بعد اس گروہ کے باقی بچے عناصر ملک کے مختلف علاقوں میں روپوش ہو گئے ہیں جو شہری علاقوں میں خود کش حملے اور دہشت گردانہ بم دھماکے کر کے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔