May ۲۸, ۲۰۱۸ ۱۰:۴۰ Asia/Tehran
  • ہلمند حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی

افغانستان میں امریکی فوج کے فضائی حملوں اور طالبان کے خود کش دھماکے میں 8 فوجیوں سمیت30 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے ہلمند حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعوی کیا کہ اس حملے میں 100 سے زائد افغان سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں تاہم افغان حکومت کا کہنا ہے کہ اس حملے میں 8 فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

افغان حکام کے بقول اتوار کو یہ خودکش حملہ جس علاقے میں ہوا، افغان سیکیورٹی فورسز نے حال ہی میں اسے عسکریت پسندوں کے قبضے سے واگزار کرایا تھا۔

واضح رہے کہ کل صبح افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند میں ایک خودکش بمبار نے بارود سے بھرے ایک چھوٹے ٹرک میں ایک فوجی اڈے کے قریب دھماکا کیا جس  کے نتیجے میں 8 فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئےتھے۔

دریں اثنا اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں کم از کم 20 لاکھ افراد کو خوراک کی قلت کے خطرے کا سامنا ہے، اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امداد کے دفتر کے مطابق افغانستان کے 20 صوبوں میں گندم کی کاشت میں تاخیر اور پیداوار میں کمی ہوئی ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق گندم کی پیداوار میں کمی کی وجہ سردیوں میں زیادہ برف باری اور کم بارشیں بھی ہیں، اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ بادغیس اور غور صوبوں میں خشک سالی کی وجہ سے تقریبا 21 ہزار افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔

ٹیگس