غزہ پر اسرائیل کا ہوائی حملہ، فلسطینی گروہوں کا ردعمل
صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے منگل کی دو پہر غزہ پر بمباری کی- دوسری جانب فلسطینی گروہوں حماس اور جہاد اسلامی نے صیہونی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ جنگ کے اس کھیل میں اس کو ایک بار پھر شکست کا منہ دیکھنا پڑے گا۔
المیادین ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ پٹی کے وسط میں واقع تحریک جہاد اسلامی کے فوجی ونگ کے ہیڈکوارٹر پر بمباری کی ہے-
صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے یہ حملہ ایک ایسے وقت کیا ہے جب اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے منگل کی صبح مقبوضہ فلسطینی علاقے میں مارٹر، میزائل اور راکٹ حملوں کا ذمہ دار حماس اور جہاد اسلامی کو قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ان گروہوں کے ٹھکانوں پر حملے کئے جائیں گے-
فلسطین کے استقامتی گروہوں نے منگل کی صبح صیہونی حکومت کے میزائل حملوں کے جواب میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بائیس راکٹ اور میزائل فائر کئے تھے جو غزہ کی پچاس روزہ جنگ کے بعد سے فلسطینیوں کی طرف سے اب تک کا سب سے بڑا جوابی حملہ تھا-
اس سے پہلے صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ میں استقامتی گروہوں کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے کم سے کم ایک فلسطینی کو شہید کر دیا تھا-
دوسری جانب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کے تازہ ترین حملوں پر حماس اور جہاد اسلامی نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے-
حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکام کو جنگ کے اس کھیل میں ایک بار پھر شکست ہو گی- حماس کے ترجمان نے صیہونی حکومت کے ہوائی حملوں کے ردعمل میں کہا کہ غزہ میں استقامتی گروہوں کی خاموشی اور صبر و تحمل کا مطلب ان کی کمزوری نہیں ہے بلکہ یہ فلسطینی عوام کے مفادات کے لئے تھا اور اگر کوئی اس کے برخلاف سمجھتا ہے تو وہ بہت بڑی غلطی کر رہا ہے-
حماس کے ترجمان نے کہا کہ فلسطین کا استقامتی محاذ بہت ہی طاقتور ہے اور صیہونی حکومت پر وار کرنے کی پوری طاقت رکھتا ہے- انہوں نے کہا کہ تیس مارچ سے شروع ہونے والا فلسطینیوں کا واپسی مارچ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔
فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی نے بھی صیہونیوں کے حملوں کے مقابلے میں استقامتی محاذ کی آمادگی پر تاکید کی ہے- جہاد اسلامی فلسطین کے میڈیا سیل کے انچارج داؤد شہاب نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا ہے کہ فلسطینی عوام کا خون ارزاں نہیں ہے کہ دہشت گرد جب چاہیں اسے مباح سمجھ لیں-
انہوں نے کہا کہ صیہونی حکام کے جارحانہ اقدام کا جواب دیا جائے گا- فلسطینی تحریک جہاد اسلامی کے رہنما داؤد شہاب نے کہا کہ فلسطین کے استقامتی گروہ غزہ کا محاصرہ جاری رہنے اور دیگر مشکلات کے باوجود فلسطینی عوام کی عزت و شرف کا دفاع کریں گے۔